اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی ادارے کے رکن تمام ملکوں سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو معمول کے مطابق آگے بڑھائیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے جامع ایٹمی معاہدے کے تعلق سے قرارداد نمبر 2231پر عملدرآمد کے بارے میں دسویں رپورٹ پیش کی ہے۔
انہوں نے تمام ملکوں اور علاقائی نیز بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں انجام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے جامع، طویل المیعاد اور مناسب حل کا بہترین پروگرام ہے اور اس سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی میں بھی مدد ملے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی خودسرانہ علیحدگی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے، جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ہٹائی جانے والی پابندیاں واشنگٹن کی جانب سے دوبارہ عائد کیے جانے کو ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2231کے منافی قرار دیا۔
ایٹمی معاہدے اور قرارداد 2231 سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تازہ رپورٹ آج سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔