پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر رواں برس اپریل سے نشر ہونے والےشہرہ آفاق ترک ڈراما ارطغرل غازی، اگرچہ پاکستان میں نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب گیا، تاہم سال کے اختتام پر بھی اس نے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ارطغرل غازی، سال 2020 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا ڈراما بن گیا اور اس نے مقبولیت میں پاکستانی ڈراموں، فلموں اور ہولی وڈ و بولی وڈ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق گوگل ٹرینڈز نے سال 2020 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے، ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز کی فہرست جاری کردی۔
10 جوکر
ہولی وڈ فلم جوکرسال 2020 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے فلموں اور ڈراموں میں دسویں نمبر پر رہا، پاکستان میں نہ صرف اس فلم کو سرچ کیا جاتا رہا بلکہ اس کے مرکزی کردار جوکر کو بھی تلاش کیا جاتا رہا۔
09 عہد وفا
پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ڈراموں و فلموں میں نویں نمبر پر مقبول ڈراما عہد وفا رہا۔
08 کورلش عثمان
حیران کن طور پر جہاں پاکستان میں سال 2020 میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے ڈرامے کا اعزاز ترک ڈرامے کو رہا، وہیں ترکی کا دوسرا مقبول ڈراما کورلش عثمان بھی سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والوں ڈراموں میں شمار ہوا، اس ڈرامے کے دوسرے سیزن کا آغاز اکتوبر 2020 میں ہوا تھا اور اگرچہ اس ڈرامے کو اردو میں پاکستان میں نشر نہیں کیا جا رہا، تاہم اس باوجود اسے انٹرنیٹ پر تلاش کیا جاتا رہا۔
07 میرا دل، میرا دشمن
نجی ٹی وی اے آر وائی پر نشر ہونے والے رواں برس کے ڈرامے میرا دل، میرا دشمن کو بھی اس کی کہانی کی وجہ سے انٹرنیٹ پر زیادہ سرچ کیا گیا اور وہ سرچ فہرست میں ساتویں نمبر پر رہا۔
06 دیوانگی
نجی ٹی وی جیو پر نشر ہونے والے رومانٹک ڈرامے سیریل دیوانگی کو بھی انٹرنیٹ پر اس کی کہانی کی وجہ سے زیادہ سرچ کیا گیا اور وہ فہرست میں چھٹے نمبر پر رہا۔
05 مرزاپور 2
پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں، ڈراموں اور ویب سیریز میں بھارتی ویب سیریز مرزاپور 2 بھی شامل ہے اور حیران کن طور پر یہ سیریز کئی پاکستانی ڈراموں کو بھی پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوگئی۔
04 بگ باس 14
بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 14 کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان سمیت پورے ایشیا میں شوق سے دیکھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سال 2020 میں سب اسے پاکستان میں بھی انٹرنیٹ پر سرچ کیا گیا اور وہ فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا۔
03 منی ہیسٹ
نیٹ فلیکس کی ویب سیریز منی ہیسٹ بھی رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی سیریز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہی، اس ویب سیریز کی مرکزی کہانی ڈکیتوں کے ایک گروہ کے گرد گھومتی ہے جو اسپین کے مرکزی بینک اور ایک حکومتی مالیاتی ادارے سے چوری کرتے ہیں، تھرلر کرائم سیریز منی ہیسٹ میں کئی کردار متعارف کرائے گئے ہیں جو کسی نہ کسی طرح جرائم پیشہ گروہ سے منسلک ہوتے ہیں۔
02 میرے پاس تم ہو
پاکستان میں ڈراما انڈسٹری میں نئے ریکارڈز بنانے والے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے اس ڈرامے کو اس کی کہانی کی وجہ سے پاکستان میں بہت زیادہ سرچ کیا گیا، میرے پاس تم ہو سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ڈراموں و فلموں میں دوسرے نمبر پر رہا، اس ڈرامے کو سب سے زیادہ صوبہ سندھ میں سرچ کیا گیا۔
01 ارطغرل غازی
ارطغرل غازی سال 2020 میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا ڈراما ہے اور اسے سب سے زیادہ آزاد جموں و کشمیر میں سرچ کیا گیا، حیران کن طور پر کراچی جیسے بڑے شہر اور سب سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین ہونے کے باوجود ارطغرل غازی کو صوبہ سندھ میں سب سے کم سرچ کیا گیا، ارطغرل غازی کو دوسرے نمبر پر پنجاب، تیسرے نمبر پر خیبر پختونخوا اور چوتھے نمبر پر بلوچستان میں سرچ کیا گیا۔