(پاک صحافت) بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو نامعلوم شخص نے 2 کروڑ بھارتی تاوان نہ دینے کی صورت قتل کردینے کی دھمکی دے دی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے ماردینے کی دھمکی موصول ہوئی ہے اور دھمکی دینے والے نامعلوم افراد نے اس بار دبنگ اسٹار سے 2 کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی ٹریفک پولیس کو بھیجے گئے واٹس ایپ پیغامات میں کہا گیا ہے کہ اگر پیسے ادا نہیں کیے گئے تو سلمان خان کو قتل کردیاجائے گا۔ نئی دھمکی کے بعد واٹس ایپ پیغامات بھیجنے والے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے اور پولیس ملزم کو تلاش کررہی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے 20 سالہ نوجوان کو ریاست اترپردیش کے شہر نوائیڈہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق 20 سالہ نوجوان نے سلمان خان سمیت ذیشان صدیقی کو بھی قتل کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ ہی سلمان خان کے قریبی دوست و مسلم سیاستدان بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کیا گیا ہے۔ بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس کے علاوہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعات نے بھی ان کی حفاظت کے بارے میں تشویش میں اضافہ کیا ہے۔