ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری، مجموعی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 تک پہونچ گئی

ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری، مجموعی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 تک پہونچ گئی

دنیا بھر کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں دوسری لہرجاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 ہے جس میں سے 3 لاکھ 52ہزار 529 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 303 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے متعلق سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا 41 ہزار 115 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 119 میں وائرس کی تشخیص ہوئی جو 7.5 فیصد کی مثبت شرح ہے، اس کے علاوہ مزید 43 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 224 افراد ایسے سے تھے جو شفایاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر فعال کیسز 52 ہزار 359 ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گئی تھی تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، تاہم کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر سخت عملدرآمد نہ ہونے سے دسمبر کے آغاز سے ہی اموات اور کیسز مزید تیزی سے بڑھ رہےہیں۔

آج 5 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

سندھ
صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 664 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 904 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث مزید 8 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 991 تک پہنچ گئی۔

پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 540 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 293 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 22 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 137 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا
صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 419 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 48 ہزار 683 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 399 تک جا پہنچی۔

بلوچستان
صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 59 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 392 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 169 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 353 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 992 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 334 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر
کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 68 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 219 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 175 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں وبا کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 708 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 24 گھنٹوں میں کوئی نہیں موت واقع نہیں ہوئی، جس کے بعد گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 98 پر برقرار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 224 افراد شفایاب ہوئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 529 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان

وزیر اعظم پاکستان نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا

پاک صحافت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے قائم مقام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے