لاہور (پاک صحافت) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز عمران نظیر نے محمد عامر کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہ محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جلدبازی میں کیا، وہ حسن علی اور فواد عالم کی مثال سامنے رکھتے، ڈراپ ہونا بھی کھیل کا حصہ ہوتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ گھر بیٹھ جائیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج اوپنر نے قومی کرکٹ کی حالیہ صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قومی ٹیم سلیکشن میں بڑی تعداد میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت موزوں نہیں،مصباح الحق کو 2 عہدے کسی صورت قبول نہیں کرنا چاہیے تھے، سابق کپتان ڈومیسٹک کرکٹ میں کوچنگ کرکے آتے تو زیادہ مناسب ہوتا۔
عمران نظیر کا کہنا ہے کہ تمام شعبوں کو مضبوط بنائے بغیر پرفارمنس کا گراف بلند نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاور ہٹنگ اور فیلڈنگ میں پاکستانی کرکٹرز کی کارکردگی دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے، میں نے اپنے اور شاہد آفریدی کے بعد صرف شرجیل خان کو زبردست پاور ہٹر پایا، فیلڈنگ کو مضبوط بنانے کے ساتھ پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے کا موقع دیا جائے تو 2ماہ میں نتائج سامنے آئیں گے۔