راولپنڈی (پاک صحافت) پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ٹیسٹ سیرز کے دوسرے میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوچکا ہے، پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لئے۔ خیال رہے کہ بارش کے باعث پہلے دن کا کھیل جلدی ختم کردیا گیا۔ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا لیکن 21 کے مجموعی اسکور پر عمران بٹ 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، عابد علی بھی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تین کھلاڑی صرف ایک رن کے فرق سے آؤٹ ہوئے، پہلی اور دوسری وکٹ 21 رنز پر گری جبکہ تیسری وکٹ 22 رنز پر گری۔ یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک 123 رنز کی شراکت ہو چکی ہے، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کا اسکور 145 رنز پر پہنچا تو بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے کہ اچھا اسکور کریں۔ قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور کراچی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔