لاہور (پاک صحافت) جنوبی افریکا کے خلاف سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی شرکت خدشات کا شکار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق امام الحق بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری سے مکمل صحت یاب نہ ہو سکے جس کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اوپننگ بلے باز امام الحق نے دو روز قبل انگوٹھے کا ایکسرے کرایا اور تازہ ترین ایکسرے رپورٹ کے مطابق انہیں مکمل فٹ ہونے کے لیے ابھی مزید وقت چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں انجری سے چھٹکارا پانے کے لیے مزید 10 روز درکار ہیں اور انہوں نے ابھی بیٹنگ کا بھی باقاعدہ آغاز کرنا ہے اس لیے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں ان کی شرکت خدشات کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کل کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق جنوبی افریکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری سے شیڈول ہے ، تاہم میچ میں ان کی شرکت کا کوئی امکان نہیں بتایا گیا ہے۔