نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا بڑا بیان منظر عام پر آگیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی منتخب وزیراعظم کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، غیر آئینی طاقتوں نے آزادی اظہار اور غریب کا گلہ گھونٹ رکھا ہے۔

سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا ونگ کے ورکر مجھے بہت عزیز ہیں کیونکہ آپ نے 2017 سے اب تک ملک کو لاحق مشکل ترین وقت میں اور ووٹ کی عزت کی بحالی کے لیے جس طرح بے دریغ قربانی دی اور ففتھ جنریشن وار کے نام پر تیار کی گئی ٹرولز کی فورس کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے خائف ہو کر کنٹرولڈ میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا شروع کررکھا ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک کو کمزور کرنے والی قوتوں کو مضبوط کر رہا ہے،انہی غیر آئینی طاقتوں نے پاکستان میں آزادی اظہار اور غریب کا گلہ گھونٹ رکھا ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہی قوتوں نے روزگار اور لوگوں کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھا ہے۔

سوشل میڈیا ورکرز کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں کہ سوشل میڈیا کی جنگ میں کبھی بھی تہذیب اور اخلاقیات کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا، آپ اپنے عزم میں قائم رہے تو ہم ووٹ کو عزت دلانے میں ضرور سرخرو ہوں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ عوامی شعور کی بیداری سے آمروں اور آمریتوں کا زوال پہلے ہی شروع ہوچکا ہے لیکن دوسری غیر جمہوری قوتیں بھی اس بات سے بے خبر نہیں ہیں اور وہ کئی عشروں پر محیط اپنی جابرانہ اجارہ داری کو اتنی آسانی سے ختم نہیں ہونے دے گی، سوشل میڈیا پر مزید قدغنیں لگانے کے لیے مہم شروع کردی ہے لیکن گھبرائیے نہیں فتح آپ کی اور حق سچ کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میرا قصور صرف یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو کی مشعل تھامے 22 کروڑ عوام کو اصول کی راہ پر لے کر چل نکلا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں ان چند کرداروں کو اصلاح احوال کی دعوت دے رہا ہوں جن کی نظر میں آئین وقانون کی عزت نہ کبھی تھی اور نہ آج ہے، میں اپنی پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو خراج تحسین پیش کرکے چند آئین شکنوں کو بے نقاب کر رہا ہوں اور اکا دکا کرداروں کا نام لے کر سامنے لے آکر آرہا ہوں جو ہمیشہ پردے کے پیچھے بیٹھ کر کھیل کھیلتے ہیں اور سازشیں کررہے ہیں اور سامنے نہیں آتے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کیا ان آئین شکنوں کو بے نقاب کرنا غداری، بغاوت، جرم ہے، ریاست کے اوپر ریاست بنانے کا منصوبہ کرنے والے کرداروں کو بے نقاب کرنا بغاوت ہے، عوام کا پیسہ چوری کرکے امریکا میں سلطنت بنانے والوں کا نام لینا بغاوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عاصم سلیم باجوہ نے پیسہ لوٹ کر امریکا میں سلطنت قائم کی کیا ان کا نام لینا بغاوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا یہ قائد اعظم کا پاکستان ہے، آج اب تک کسی بھی منتخب وزیراعظم کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، ہر چند سال بعد جمہوریت پر شب خون مار کر مارشل لا لگا دیا گیا اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نافذ کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بار بار آئین کی دھجیاں بکھیری گئیں اور انتخابات میں کبھی بکسے چوری اور کبھی آر ٹی ایس کی بندش سے عوام کے ووٹ کو چوری کیا گیا، ملک بنانے والوں کو غدار کہا گیا اور عوام کے مقبول قیادت کو ہتھکڑیاں لگا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا اور رہبروں کو رہزن بنایا گیا۔

نواز شریف نے کارکنوں سے کہا کہ ہم بے خوف ہو کر حق اور سچ کے چراغ روشن کرتے رہیں گے، غیر آئینی طاقتوں کے ان داغ دار چہروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے اور اگر آپ نے ایسا کردیا تومیرا آپ سے وعدہ ہے کہ یہ تاریک شب جلد ختم ہونے کو ہے اور وہ صبح جلد طلوع ہوگی جس میں ووٹ کو عزت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں

بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

کوئٹہ (پاک صحافت) بلوچستان کابینہ کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ جس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے