کراچی (پاک صحافت) میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کی جانب سے کوائٹ موڈ نامی نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ کوائٹ موڈ کے تحت انسٹاگرام ایپ نوٹیفکیشنز کو روک دیتی ہے، ایکٹیویٹی اسٹیٹس کو اپ ڈیٹ جبکہ ڈائریکٹ میسج پر خودکار جواب دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیچر اس وقت امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متعارف کرایا گیا ہے۔ میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوجوانوں کی جانب سے ہمیں کہا جاتا ہے کہ وہ کچھ دیر کے لیے ایپ سے دور رہ کر اپنے لیے وقت چاہتے ہیں اور رات کو دیگر کاموں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس فیچر کے تحت رات کو مخصوص وقت تک صارفین کو نوٹیفکیشنز نہیں بھیجے جائیں گے۔ انسٹاگرام کی جانب سے اس حوالے سے چند دیگر ٹولز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ جب صارف کی جانب سے ایکسپلور میں کسی پوسٹ پر ناٹ انٹرسٹڈ کے بٹن پر کلک کیا جائے گا تو انسٹاگرام کی جانب سے اس سے ملتا جلتا مواد ریلز، سرچ اور دیگر حصوں میں دکھایا نہیں جائے گا۔ انسٹاگرام کے ایکسپلور سیکشن میں صارفین کو متعدد پوسٹس بیک وقت ہائیڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔