اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان میں 1970 کے بعد کل 12ویں جمہوری انتخابات ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ کے زریعے ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدوار چنیں گے۔
ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے، اور جمہوری عمل کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ ڈیوٹی دے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کے حوالے تمام سامان کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے۔ پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بنا کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
تمام حلقوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد جاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جو ریٹرننگ افسر کے دفاتر سے جاری ہوں گے۔
عام انتخابات کے نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔