اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سفارت خانے پہنچ کر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان کی ناگہانی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایرانی سفیر سے ملاقات میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ پہنچا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلی خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ابراہیم رئیسی کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔