انوار الحق کاکڑ

عوام کی توقعات کے مطابق آئین اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا۔ قومی ایپکس کمیٹی

اسلام آباد (پاک صحافت) قومی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ عوام کی توقعات کے مطابق آئین اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں چیف آف آرمی سٹاف، متعلقہ وفاقی وزراء، صوبائی وزرائے اعلی اور قانون نافذ کرنے والے تمام سول اور عسکری اداروں کے سربراہان ایک ہی چھت کے نیچے موجود تھے۔ شرکا نے ملکی داخلی سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا تاکہ ممکنہ چیلینجز سے پائیدار انداز میں نبرد آزما ہوا جاسکے۔ باوجود تمام مشکلات، شرکاء نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ عوام کی توقعات کے مطابق آئین اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں میں پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کا انخلا، بارڈر پر آمد و رفت کے طریقہ کار کو ایک دستاویز کی صورت میں منظم کرنا (جس میں بارڈر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی) اور غیرقانونی غیرملکی افراد کی تجارت اور پراپرٹی کے خلاف سخت کارروائی کرنا شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے تحت ایک ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے جو جعلی شناختی کارڈز، کاروبار اور پراپرٹی کی جانچ پڑتال کرے گی تاکہ غیرقانونی شناختی کارڈ اور املاک کا تدارک کیا جائے۔

فورم نے بڑھتی ہوئی غیرقانونی سرگرمیوں (بشمول منشیات اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، اشیاء خوردنوش اور کرنسی کی اسمگلنگ، غیرقانونی رقوم کی ترسیل اور بجلی چوری) پر جاری کارروائیوں کو مزید بڑھانے اور مؤثر کرنے کا اعادہ کیا۔ فورم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ طاقت کا استعمال صرف اور صرف ریاست کا دائرہ اختیار ہے اور کسی بھی شخص یا گروہ کو طاقت کے زبردستی استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ملک میں کسی بھی قسم کے سیاسی مسلح گروہ یا تنظیم کی ہرگز کوئی جگہ نہیں اور اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ اسلام امن کا دین ہے اور ریاست کسی کو مذہب کی من پسند تشریح کر کے سیاسی مقاصد حاصل کرنیکی اجازت نہیں دے گی۔ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی، اسلام اور پاکستان کے آئین کا حصہ ہیں اور ریاست اس کو یقینی بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

رانا ثناءاللہ

پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے مسلط ہونا چاہتی ہے۔ رانا ثناءاللہ

فیصل آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے