بینظیر بھٹو

عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی آج منائی جارہی

کراچی (پاک صحافت) عالم اسلام کی پہلی اور مسلم دنیا کی واحد خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں جلسے کا انعقاد کررہی ہے جس سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی جائے شہادت راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی تقریب ہوگی جہاں پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کی جانب سے قرآن خوانی بھی کروائی جائے گی۔ مقامی قیادت نے جلسے کا اعلان بھی کررکھا ہے۔

دختر مشرق کا لقب پانے والی بینظیر 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور کانوینٹ آف جیسز اینڈ میری سے ابتدائی تعلیم کے بعد ہارورڈ اور آکسفورڈ سے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی قوانین میں اعلی تعلیم حاصل کی۔ ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد انہوں نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، 1988 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی کے بعد بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں۔

پھر دوسری بار وہ نومبر 1993 میں وزیراعظم بنیں لیکن 1996 میں ان کی اپنی ہی جماعت کے صدر فاروق خان لغاری نے 58 ٹو بی کے تحت حکومت ختم کردی۔ اس کے بعد بینظیر جلاوطن ہونے پر مجبور ہوئیں اور پھر 2007 میں پاکستان واپسی کا اعلان کیا۔ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی پہنچنے پر کارساز میں استقبالی جلوس میں 2 بم دھماکوں میں پی پی کے سینکڑوں کارکن جاں بحق ہوئے تاہم بم پروف ٹرک میں سوار بینظیر محفوظ رہیں۔

وطن واپسی پر جان کو لاحق خطرات کے باوجود عوام میں نکلنے والی بینظیر کو صرف 2 ماہ اور 9 دن بعد 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لياقت باغ میں جلسے کے فوری بعد فائرنگ سے شہید کردیا گیا جب وہ کارکنوں کے نعروں کا جواب دینے کیلئے گاڑی کے سن روف سے نکل کر کھڑی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں

خرم دستگیر

سب سے زیادہ تنقید پارلیمان کے نمائندوں پر ہوتی ہے۔ خرم دستگیر

لاہور (پاک صحافت) خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تنقید پارلیمان کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے