جڑانوالہ واقعہ

جڑانوالہ میں توہین قرآن کے الزامات پر کشیدگی، چرچ اور مکانات نذرآتش

فیصل آباد (پاک صحافت) جڑانوالہ میں توہین قرآن کے الزامات پر کشیدگی پھیل گئی ہے جس کے نتیجے میں چرچ اور مکانات نذرآتش کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزامات میں پولیس نے ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ واقعے کی خبر پھیلی تو لوگ سڑکوں پر نکل آئے، اس دوران مشتعل افراد نے کم از کم ایک چرچ اور مسیحی برادی کے چند گھروں کو آگ لگا دی، واقعے کے بعد شہر کے حالات کشیدہ ہیں اور رینجرز طلب کرلی گئی ہے۔

قرآن پاک کی بے حرمتی کے مبینہ واقعے پر پولیس نے توہین مذہب کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شہری پر جڑانوالہ کے سنیما چوک میں توہین آمیز کلمات کہنے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کے خلاف توہین مذہب کی دفعات 295 بی اور 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس سنیما چوک پہنچی تو وہاں قرآن پاک کے اوراق موجود تھے جن پر سرخ قلم سے توہین آمیز الفاظ تحریر تھے اور ملزم موقع سے فرار ہوچکا تھا۔ جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی جاسکتی ہے۔

اس واقعے کے بعد مشتعل افراد مقامی چرچ کے باہر پہنچے جہاں چند مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی اور پھر آگ لگا دی گئی۔ کئی افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفترمیں بھی توڑ پھوڑ کی۔

سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس میں دعوی کیا جارہا ہے کہ اس علاقے میں آباد مسیحی برادری کے کئی افراد گھر بارچھوڑ کر جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان نے کسی غیر ملکی قوت کو اڈے دینے کی باتیں بے بنیاد قرار دے دیں

اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان نے کسی غیر ملکی قوت کو اڈے دینے کی باتیں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے