افواج پاکستان الرٹ ہیں، بھارت نے مہم جوئی کی تو سخت جواب دیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (پاک صحافت) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان الرٹ ہیں، بھارت نے مہم جوئی کی تو سخت جواب دیں گے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کارروائی قبول نہیں، بھارت یک طرفہ سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، پانی روکنا جنگ تصور کیا جائے گا، پہلگام واقعے میں پاکستان ملوث ہے نا ہی اس میں کوئی کردار ہے، بھارت دوسروں پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دے

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مشترکہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کے عوام اپنی خود مختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، قوم متحد ہے، قومی سلامتی کونسل کا اعلامیہ آچکا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کا واضح عزم ہے کہ کسی کی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنا ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویہ اختیار کیا، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پورا خطہ بھارت کے غیر ذمہ درانہ اقدامات کی وجہ سے خطرے میں ہے، ہم بین الاقوامی برادری سے اس خطرے سے متعلق رابطے میں ہیں، بھارت خطے میں جان بوجھ کر حالات کو کشیدہ کر رہا ہے، پاکستان سمیت کئی ممالک میں دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارتی اقدامات جارحیت پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے، معصوم شہریوں کا قتل قابل مذمت ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت میں ہونے والا کوئی بھی واقعہ بھارت کا اپنا ڈرامہ ہوتا ہے، بھارت پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی کا اسپانسر ہے، بھارت کو دوسرے پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دینا چاہیے، پہلگام واقعہ کے بعد بھارت نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اور اقدامات کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے