اسلام آباد(پاک صحافت) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن میں جیت پر حکمران جماعت کو بڑا دھچکا لگا دیا ہے اور تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کی جنرل سیٹ پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی جیت گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حفیظ شیخ یوسف رضاگیلانی کے مقابلے میں ہار گئے ہیں حکمران جماعت تحریک انصاف کی یہ شکست بلاشبہ ایک بڑی شکست ہے کیونکہ حکمران اتحاد کے پاس 180جبکہ اپوزیشن کے پاس 160کے قریب ووٹ تھے ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو 169 جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔
پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان خواتین کی نشست پر 60 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب خواتین کی نشست پر 57 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں آزاد امیدوار عبدالقادر جنرل نشست پر کامیاب ہوئے۔جے یو آئی (ف) کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے‘بی این پی (مینگل) کے محمد قاسم نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: وزیر داخلہ نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی کامیابی کا دعویٰ کر دیا
عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ارباب عمر فاروق جنرل نشست پر کامیاب ہوئے بی اے پی کے منظور احمد کاکڑ جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے‘بی اے پی کے سرفراز احمد بگٹی نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی۔بی اے پی کے پرنس احمد عمر احمد زئی جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے۔
ایوان بالا کی ان 37 نشستوں پر آج ہونے والے انتخابات کے لیے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے مجموعی طور پر 78 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پنجاب سے تمام امیدوار گزشتہ ماہ دیگر امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے یا نااہل ہونے کے بعد بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔