اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے تحریک عدم اعتماد سے متعلق فیصلہ کرنے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے شاہراہوں پر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے نکلے تھے، لیکن عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد واپس ایوانوں کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹ موو منٹ (پی ڈی ایم) میں موجود ہر فرد کا بیانہ ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک ہے لیکن بیانیے مختلف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول زرداری کا عدم اعتماد پر زور جبکہ احسن اقبال کے اس موقف پر شکوک و شبہات ہیں۔ اور دوسری جانب مریم نواز کا لانگ مارچ پر اصرار ہے، سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ یہ سب پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے کا واضح ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ شبلی فراز کا پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے شاہراہوں پر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے نکلے تھے، عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد واپس ایوانوں کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای کی جانب سے حکومت کو گرانے کے لئے پی ڈی ایم کو عدم اعتماد کی تحریک لانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہی کیا جائے گا۔ جس کے لئے مشاورت جاری ہے۔