اسلام آباد (پاک صحافت) خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل و نالائق حکومت نے اسٹیٹ بینک کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کے کنٹرول میں دے دیا ہے جو ملکی سالمیت کے لئے خطرناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل پہلی بار نہیں ہوئی، پہلے جو امداد ملی اس کی ایسی شرائط نہیں تھیں کہ ملکی سالمیت پر کوئی آنچ آتی۔ لیکن اس بار ایسی شرائط رکھی ہیں جو پاکستان کے لیے پورا کرنا مشکل ہوں گی۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ گئے تو اتنی خطرناک شرائط ہوں گی، جو ملک کی سلامتی کے لیے ٹھیک نہیں ہوں گی۔ سوچنا ہوگا کہ بھوکا رہیں یا آئی ایم ایف کی شرائط مان کر ملک کی سالمیت کا سودا کریں۔ دراصل ہماری فارن پالیسی ہی نہیں ہے۔ اپوزیشن اپنا پورا کردار ادا کر رہی ہے اور ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔