اسلام آباد (پاک صحافت) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جارہے ہیں، اس ادارے سے پاس آوٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے، 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کرنا باعث فخر ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی غیرمستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا۔