پشاور (پاک صحافت) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے میگا پروجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے خیبر پختونخوا حکومت سے بی آر ٹی پشاور منصوبے کا ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ نیب نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری پی اینڈ ڈی کو خط لکھا ہے اور بی آر ٹی منصوبے کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ نیب نے خط کے ذریعے بی آر ٹی منصوبے کی فیزیبلٹی، ڈونر ایجنسیز، کنسلٹنٹس کے انتخاب اور ادائیگیوں کا ریکارڈ دینے کا بھی کہا ہے۔
نیب نے صوبائی حکومت سے بی آر ٹی پشاور لون اور پروجیکٹ ایگریمنٹ اور بین الاقوامی اداروں سے کیے گئے معاہدوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔ نیب خط میں کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے بی آر ٹی کے لیے حاصل کی گئی رقوم کی تفصیلات بھی جمع کرائی جائیں۔ خط کے ذریعے نیب نے صوبائی حکومت سے تمام ادائیگیوں کے انٹیرم پیمنٹ سرٹیفکیٹس کا بھی تمام ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ نیب نے خیبر پختونخوا حکومت سے بی آر ٹی کی دیکھ بھال، تعمیر و مرمت اور گاڑیوں کی خریداری کی منظوری کا ریکارڈ دینے کا کہا ہے۔