راولپنڈی (پاک صحافت) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے نیب توشہ خانہ ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے تفتیشی افسران کے ہمراہ توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا۔ یاد رہے کہ رواں برس وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا تقریباً 21 سال کا ریکارڈ پبلک کیا تھا۔ کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر توشہ خانہ کا 2002 سے 2023ء تک کا ریکارڈ اپ لوڈ کیا گیا۔ رواں برس دسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید کی سزا سنادی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 5 اگست 2022 کو سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اراکین کی درخواست پر توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا۔ 18 اگست 2022 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا۔