اسلام آباد (پاک صحافت) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمے دار ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے، معصوم بچوں کے قتل سے اسرائیل اپنی جنونیت کو پورا کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جدید دور میں روابط اور راہداریوں سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، موسمیاتی تبدیلی ایک مستقل خطرے کے طور پر ابھر کر سامنے آرہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا کسی ایک ملک کے لیے ممکن نہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مربوط تعاون کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے اقوامِ عالم کو اقدامات کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، معصوم بچوں کے قتل سے اسرائیل اپنی جنونیت کو پورا کر رہا ہے، دنیا میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔