لاہور (پاک صحافت) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کے لانگ مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ توشہ خانہ کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کو چھپانے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کے قیمتی تحائف کی لوٹ مار کی گئی، لوٹ مار کو چھپانے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانے کے کئی قیمتی تحائف اونے پونے خرید کر بیچے گئے۔
واضح رہے کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ متعدد تحائف بغیر اندراج غائب کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو لانگ مارچ ،گالی گلوچ ،انا پرستی ،نفرت انگیزی سے باز آنا چاہئے،پی ٹی آئی کو قبل ازوقت الیکشن کا راگ الاپنے کی بجائے غوروفکر کی زیادہ ضرورت ہے، پی ٹی آئی قیادت زبان ،عمل اور نیت کے شر سے خود بھی بچیں ، قوم کو بھی بچائیں۔