اسلام آباد (پاک صحافت) محسن نقوی کا کہنا ہے کہ قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہدا کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرین دہشتگردی کی یاد اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آخری دہشتگرد کا خاتمہ کر کے شہدا کے خون کا قرض اتاریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے قوم کے محسن ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، پاک افواج ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں نے اپنے لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔ تاریخ عالم پاکستان کی لازوال قربانیوں کی کوئی اور مثال دینے سے قاصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، حکومت اور قوم شہداء کے بہادر خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کے ساتھ ان کی فیملیز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔