لاہور (پاک صحافت) عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار جیسے نااہل اور نالائق شخص کو وزیراعلی کہنا پنجاب کے عوام کی توہین ہے، موصوف کو لاہور کا راستہ تک معلوم نہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ نوازشریف واپس بھی آئیں گے اور چوتھی بار وزیراعظم بھی بنیں گے۔ پرچی ترجمان صبح صبح چابی والے کھلونے کی طرح وزیراعلیٰ کی تعریفیں کرنے آجاتے ہیں۔ کارکردگی بتانی نہیں دکھانی پڑتی ہے، لیکن اس چور پارٹی کا کارکردگی سے کیا لینا دینا۔
عظمی بخاری کا مزید کہنا ہے کہ جن لوگوں نے خیرات کھانے کے ریکارڈ بنائے ہوں جو اب ثابت بھی ہوگئے وہ اب ملکی خزانے پہ ہاتھ صاف کر رہے ہیں۔ جس شخص کو لاہور کا راستہ معلوم نہیں تھا اسکو پنجاب کے سیاہ سفید کا مالک بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی انتھک محنت کی بدولت آج لاہور میں بارش کا پانی جمع نہیں ہوتا، شہبازشریف کو لمبے بوٹوں کے طعنے وہ دے رہے ہیں جو خود ایک دن بھی بوٹوں کے بغیر نہیں نکال سکتے۔