اسلام آباد (پاک صحافت)زیر حراست 200 سے زائد سرکاری ملازمین کو رہا کر دیا ہے جن میں کچھ ٹریڈ یونین رہنما بھی شامل ہیں، انہیں بدھ کے روز پولیس نے ایک پرتشدد مظاہرے کے دوران گرفتار کیا تھا، ان کے نمائندوں اور حکومت کے مابین معاہدے پر دستخط کرنے کے چند گھنٹوں بعد جمعرات کی شام کو رہا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ یونین کے کچھ رہنماؤں، جنہیں 3 ایم پی او (مین ٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس ، 1960) کے تحت دارالحکومت پولیس نے گرفتار کیا تھا ، نے بھی حکومتی وزرا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں حصہ لیا جو وزیر داخلہ شیخ رشید کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوئے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی
ذرائع نے بتایا کہ ان رہنماؤں کو ، جنہیں دارالحکومت کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں رکھا گیا تھا ، انتظامیہ کی جانب سے وفاقی حکومت کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد انہیں مذاکرات کے لئے وزیر کی رہائش گاہ پر لایا گیا تھا، مذاکرات کے دوران ، حراست میں لئے گئے رہنماؤں کو واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ بدھ کے روز پولیس کے ذریعہ گرفتار یا پکڑے جانے والے تمام افراد کو ان کے خلاف بغیر کسی کاروائی کے رہا کیا جائے گا۔
مذاکرات کی تکمیل کے بعد ، ان رہنماؤں کو ایک بار پھر پولیس تنصیبات میں منتقل کردیا گیا جہاں سے بعد میں شام کے وقت انہیں باضابطہ طور پر رہا کردیا گیا۔ رہائی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے امان اللہ خان نے بتایا کہ بدھ کے روز انہیں گرفتار کرنے کے بعد پولیس انہیں ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت سے ملاقات کے لئے کابینہ ڈویژن بلاک لے گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے اس مسئلے کو حل کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے کو کہا۔ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد ، انہوں نے کہا ، انہیں دوبارہ تھانے منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف یونینوں کے 12 رہنماؤں کے ایک گروپ نے وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر اجلاس میں شرکت کی اور ان میں سے پانچ ، جن میں خود اور رحمان باجوہ شامل ہیں ، کو تھانوں سے لایا گیا ہے۔