لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے صدارتی نظام کو مسترد کرتے ہوئے جاری بیان میں کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر تباہی پھیلانے کے بعد صدارتی نظام کا چُورن بیچنا بند کیا جائے اور طاقت کا ناجائز استعمال نہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی مقبول سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے جاری بیان میں صدارتی نظام کو مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یاد رہے ایوب خان کے جابرانہ استحصالی صدارتی نظام کے نتیجہ میں پاکستان دولخت ہوا۔
واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں مزید کہا کہ تبدیلی کے نام پر تباہی پھیلانے کے بعد صدارتی نظام کا چُورن بیچنا بند کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اصل مسئلہ طاقت کا ناجائز ارتکاز ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے مطالبہ کیا کہ تمام مقتدر ادارے اور افراد آئین و قانون کے مطابق انصاف سے کام لیں تب ہی پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے۔