اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو مثبت یو ٹرن لےکر اسمبلی میں آنا چاہیے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اگست 2023 تک اسمبلی کی مدت پوری ہوگی، سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان میں 6 سے 8 ماہ الیکشن نہیں کروا سکتے، اپریل تک ملک میں مردم شماری ہوگی پھر 4 ماہ الیکشن کمیشن کوحلقہ بندیوں کے لئے درکار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں 7ویں خانہ و مردم شماری اور ماسٹرز ٹرینرز ٹریننگ سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران اھسن اقبال نے کہا کہ ریاست اس وقت تک ذمہ داریاں ادا نہیں کرسکتی جب تک مکمل ڈیٹا نہ ہو، ریاست کے پاس افراد کے اعداد وشمار نہ ہوں تو ترقی ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معاشی بحران ہمارا پیدا کردہ نہیں ہے، اپوزیشن الیکشن کے نعرے لگا رہی ہے، آزاد کشمیر کے نتائج نے ان کی تسلی کردی ہوگی۔ ملک اندرونی اور بیرونی مالی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، اپوزیشن کو مثبت یو ٹرن لےکر اسمبلی میں آنا چاہیے، کوئی یہ سمجھے کہ 6، 7 ماہ میں معیشت ڈوب سکتی ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔