راولپنڈی (پاک صحافت) پاک فوج کا کہنا ہے کہ امن خراب کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے دو جوانوں کی نماز جنازہ آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق شہید ہونے والوں میں ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی 23 سالہ لانس نائیک معراج الدین، ضلع خوشاب کے 38 سالہ نائیک ظہیر عباس نے گزشتہ روز وطن کی خاطر جانیں قربان کی تھیں۔ شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران ، سپاہیوں، رشتہ داروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج تمام اندرونی، بیرونی خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج کی بھرپور طاقت سے امن کو خراب کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔