پاک صحافت اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے روس اور قطر کے وزرائے دفاع کے ساتھ بات چیت میں مقبوضہ فلسطین میں امریکی فوجی اڈوں سے فوجی ساز و سامان کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے کے لیے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے روسی وزیر دفاع سرگئی شائیگو کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ہے کہ ہمیں غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی حالت میں اس صورتحال کے جاری رہنے کو قبول نہیں کر سکتے۔ جنرل باقری نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کی حکومتوں کو غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر سنجیدگی سے ردعمل ظاہر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی جرائم کا تسلسل اور انہیں بعض ممالک کی کھلی حمایت اور مدد صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔ جنرل باقری نے واضح طور پر کہا کہ حالات نہ سدھرے تو دوسری جماعتیں بھی میدان میں آ سکتی ہیں۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ کے ساتھ ٹیلیفون پر فلسطین کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ صہیونیوں کے جرائم پر خاموش رہنا کسی بھی مسلمان کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صیہونیوں کے جرائم جاری رہے تو مزاحمتی گروہوں کی طرف سے کسی قسم کا ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔ جنرل باقری نے مظلوم فلسطینی عوام پر وحشیانہ حملوں میں امریکہ کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ فلسطین میں امریکی اڈوں سے ہتھیاروں کی منتقلی کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔