مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کردیا

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کردیا

جنیوا (پاک صحافت) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتہاپسند ہندو حکومت کی جانب سے کشمیریوں پر شدید مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور آئے دن کشمیری نوجوانوں کو شہید اور گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ عالمی برادری بالکل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور صرف مذمت اور تشویش کے الفاظ استعمال کرکے دنیا کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیچلیٹ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 46 ویں اجلاس کو 50 سے زائد ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کررہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جہاں مواصلات پر پابندی اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف کارروائیاں باعث تشویش ہیں۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی سربراہ نے کہا کہ مواصلاتی ناکہ بندی نے شہریوں کے معمولات زندگی کے ساتھ ساتھ کاروبار، معاشی سرگرمیوں، تعلیم اور طبی سہولیات اور معلومات تک رسائی کو شدید متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر اور نومبر میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف چھاپے سول سوسائٹی پر مسلسل پابندیوں کی واضح مثال ہیں جس کے نتیجے میں کشمیری عوام کے معلومات کی فراہمی اور حصول کے حقوق اور ان پر اثر انداز ہونے والی سرکاری پالیسیوں پر آزادانہ اور کھل کر بحث کرنے کے حقوق متاثر ہوئے۔

دریں اثناء برطانیہ میں مقیم کلونی فاؤنڈیشن فار جسٹس نے جس کی بنیاد معروف قانون دان ایمل کلونی اور اداکار جارج کلونی نے ڈالی تھی، ایوارڈ یافتہ کشمیری صحافی آصف سلطان کے خلاف جاری مقدمے پر نظررکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آصف سلطان ایک صحافی ہیں جو سرینگر سے شائع ہونے والے رسالے کشمیر نریٹر کے لئے کام کرتے تھے، وہ اگست 2018 سے ایک جھوٹے مقدمے میں جیل میں ہیں۔

کلونی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پریس اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو یقین ہے کہ یہ الزامات دراصل سلطان کی طرف سے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک کشمیری نوجوان کے قتل کے واقعے کی کوریج پر عائد کیے گئے ہیں جس کے قتل کے خلاف جولائی 2016 میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

کلونی فاؤنڈیشن فار جسٹس نے بھارتی حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سلطان کی درخواست ضمانت کی سماعت بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے مطابق کی جائے اور قانونی کارروائی کے دوران مقدمے کی منصفانہ سماعت اور اظہار رائے کی آزادی سمیت ان کے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں

بنلسون

نیلسن منڈیلا کا پوتا: فلسطینیوں کی مرضی ہماری تحریک ہے

پاک صحافت جنوبی افریقہ کے سابق رہنما نیلسن منڈیلا کے پوتے نے کہا ہے کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے