برطانوی فوج نے ایسا اسپرے تیار کیا ہے جو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 99.99 فیصد کورونا وائرس ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ کووڈ ڈس انفییکٹنٹ اسپرے کامیاب ثابت ہوا تو اسے عام افراد کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وائرس اینڈ نامی اس اسپرے کے بارے میں دریافت کیا گیا کہ یہ اشیا کی سطح پر کورونا وائرسز کی متعدد اقسام کو مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 99.99 فیصد نوول کورونا وائرس کو ختم کردیتا ہے۔
برطانوی فوج کی جانب سے اسپرے کی 50 ہزار سے زیادہ بوتلیں ملک بھر میں تعینات ان فوجیوں کے حوالے سے کی گئی ہیں جو مقامی محکمہ صحت کے ساتھ کام کررہے ہیں، اس اسپرے کو مختلف مقامات پر استعمال کیا گیا ہے اور برطانیہ میں آن لائن 8 پاؤنڈ میں فروخت کیا جارہا ہے۔
اس اسپرے میں آسانی سے آگ پکڑنے والی گیسوں کی بجائے کمپریسڈ ایئر استعمال کی گئی ہے، جو مکمل ری سائیکل ایبل اور دوبارہ استعمال کے قابل ہے۔
برطانوی فوج کے مطابق یہ بہت زیادہ کثافت والا اسپرے ہے اور اس کو بوتل کو کسی بھی جانب رخ کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
برطانوی فوج کی جانب سے لیورپول اسکول آف ٹروپیکل میڈیسین سے ایک بائیو سیکیورٹی لیبارٹری میں اس اسپرے کو آزمانے کا کہا گیا تھا، جہاں کے ماہرین نے سرٹیفکیٹ دیا کہ یہ اسپرے 60 سیکنڈ کے اندر 99.99 کورونا وائرس مار سکتا ہے۔
لیورپول اسکول آف ٹروپیکل میڈیسین کے ڈاکٹر گرانٹ ہیوز کے مطابق ہمارے ٹیسٹوں سے ثابت ہوا کہ یہ اسپرے کورونا وائرس کے خلاف بہت زیادہ موثر ہے، اس اسپرے کی کلینیکل جانچ پڑتال مختلف مقامات جیسے آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر وغیرہ میں بھی کی جارہی ہے۔
اس اسپرے کی تیاری میں برطانوی فوج کے ساتھ کام کرنے والے نیشنل انسٹیٹوٹ فار ہیلتھ ریسرچ (این آئی ایچ آر) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈیوڈ جین نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ فوج کے ساتھ ملکر ہم اس پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کلینیکل ٹرائل کامیاب رہے، تو ہمیں توقع ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے عملے اور مریضوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے گا۔