جکارتہ (پاک صحافت) انڈونیشیا کا لاپتا ہونے والا مسافر طیارہ تلاش کر لیا گیا، مسافر طیارہ انڈونیشیا کی سمندری حدود میں جا گرا، نیوی کے جہاز طیارے کی کریشنگ کی جگہ پر روانہ کر دیے گئے اور اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہیکہ عملے سمیت تمام مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کا لاپتہ ہو جانے والا مسافر طیارہ کریش کرگیا، جکارتہ سے اڑان بھرنے والا بوئنگ 737 طیارہ پرواز کے 4 منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا تھا، مسافر طیارے میں عملے کے 6 افراد سمیت 62 مسافر سوار تھے، بتایا گیا ہے کہ طوفانی موسم کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں خراب موسم کے باوجود طیارے نے اڑا بھری اور پھر چند ہی منٹ بعد ریڈار سے غائب ہوگیا۔
مسافر طیارہ 27 سال پرانا تھا، فلائٹ ریڈار کے مطابق طیارہ ایک منٹ 10 ہزار فٹ بلندی سے نیچے آیا،خبر ایجنسی کے مطابق طیارہ جکارتہ سے مغربی صوبے جا رہا تھا کہ لاپتا ہو گیا، جبکہ اب انڈونیشن حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ طیارہ دارالحکومت جکارتہ کے نواح میں سمندرمیں گر کر تباہ ہوا ہے اور اس کا ملبہ مل گیا ہے۔
انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ سمندر سے ملبے کے بعض حصے ملے ہیں اور شبہہ ہے کہ یہ حادثے کا شکار بدقسمت طیارے ہی کا ہے، طیارے کی تلاش کے لیے ٹیمیں جکارتہ کے شمال میں سمندر کی جانب روانہ کردی گئی ہیں، خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ حادثے میں طیارے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو چکے۔
واضح رہے کہ 2 سال قبل بھی انڈونیشیا کی ائر لائن کا 188 مسافروں اور جہاز کے عملے پر مشتمل بوئنگ 737 طیارہ ٹیک آف کے کچھ ہی لمحوں بعد انڈونیشیا کی سمندری حدود میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔