(پاک صحافت) مقبوضہ کشمیرمیں ہوئے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی گیدڑ بھپکیوں پر پوری قوم ہم آواز ہے۔ حال ہی میں گلوکار وارث بیگ نے بھی اپنے بیان سے مودی سرکار کو ابھی نندن واقعے کی یاد تازہ کروادی۔نجی نیوز ٹی وی چینل کو دیے گئے بیان میں گلوکار وارث بیگ کا کہنا تھا کہ ’ بھارتی فضائیہ کا پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن جب بارڈر کراس کرکے پاکستان آیا تھا تو ہم نے اُن کو چائے پلائی تھی ، ایک ایسی چائے جس کا ذکر انہوں نے بھارت جاکر بھی کیا تھا‘۔
وارث بیگ نے کہا کہ’ اگر اس بار بھارت نے پاکستانی سرحد پار کرنے کی کوشش کی یا پھر جو پانی پر دہشتگردی کی جارہی ہے تو اس بار بھارت جان لے اس کیلئے چائے کے ساتھ پکوڑے اور پٹاخہ سموسوں کا بھی انتظام ہوگا ‘ ۔ گلوکار وارث بیگ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’ مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب ہمارے ملک میں مصیبت آئے تو ہم صرف 7 لاکھ فوجی نہیں ہوتے، ان فوجیوں کے پیچھے 25کروڑ کی عوام بھی فوج بن جاتی ہے، ہم فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں ‘ ۔
واضح رہےکہ پاکستانی گلوکار نے مزید کہا کہ ’ میرا بھارت اور بھارتیوں کو یہ پیغام ہے کہ جو بھارتی سوشل میڈیا پر جنگ کی خواہش ظاہر کرکے اپنا کاروبار چمکارہے ہیں اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہونے والا، یہاں کا ہر پاکستانی پاکستان کیلئے، اس کی حفاظت کیلئے اور شہید ہونے کیلئے لڑتا ہے‘۔