ممبئی (پاک صحافت) باولی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے نوجوان اداکاروں کو شہرت حاصل کرنے اور اپنا نام بنانے کے لئے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’آنے والے نئے اداکاروں کے لیے اپنا نام بنانا آسان نہیں ہے کیوں کہ وہ تا حال 50 سال سے زائد عمر میں بھی اتنی محنت کر رہے ہیں، نئے اداکار آتے ہی انڈسٹری میں نہیں چھا سکتے، وہ ایسا ہونے بھی نہیں دیں گے۔‘ سلمان خان کا کہنا ہے کہ ’محنت کرو بھائی، ہم بھی تو 50 سال سے اوپر ہونے کے باوجود محنت کر ہی رہے ہیں تو آپ بھی محنت کرو۔‘
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں دبنگ اداکار سلمان خان نےاپنے دور اور آنے والے نئے اداکاروں سے متعلق بات کی اور اُنہیں شہرت حاصل کرنے اور نام بنانے کے لیے مشورہ بھی دیا۔ اد دوران سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’وہ 4 دہائیوں سے سنتے آ رہے ہیں کہ سپر اسٹارز کا دور ختم ہونے والا ہے، مگر ایسا ابھی تک نہیں ہوا ہے۔‘
واضح رہے کہ انٹرویو کے دوران سلمان خان نے مزید کہا کہ’آپ کو مشہور اور سپر اسٹار بنانے میں فلموں کا انتخاب، اُس میں کی گئی بہترین اداکاری، آپ کی اصلی شخصیت سمیت اور بھی بہت کچھ معنی رکھتا ہے، صرف سوشل میڈیا کے ذریعے آپ لوگوں کے دلوں میں گھر نہیں کر سکتے۔‘ خیال رہے کہ اس انٹرویو کا موضوع سوشل میڈیا کا نئے آنے والے فنکاروں کی شہرت پر اثرات سے متعلق تھا۔