اسلام آباد (پاک صحافت) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اتفاق رائے بڑھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ یہ جمہوریت کا حسن ہے جس میں تمام جماعتیں مشاورت کرتی ہیں، پی ٹی آئی وفد نے بانی پی ٹی آئی سے بھی ملاقات کرلی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 7 بجے طلب کیا گیا ہے، بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے ملاقات کی ، پوری قوم کو امید ہے مولانا اتفاق رائے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے، سیاسی مشاورت کا عمل جاری ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں طلبہ احتجاج کے دوران ایک سکیورٹی گارڈ کی جان بھی گئی ہے، اس ڈی ایس پی کو سلام پیش کریں جو مظاہرین کو کہہ رہا تھا میں آپ کے ساتھ ہوں۔ سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم چلائی گئی، احتجاج میں کون کون پی ٹی آئی رہنما شامل تھے سب ٹریس ہوچکے ہیں، جنہوں نے اس احتجاج میں حصہ ملایا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ونگز جس اکاؤنٹ سے آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کرتے ہیں اسی سے زیک گولڈ سمتھ کے خلاف بھی کردیں۔