لاہور قلندرز

قلندرز نے زلمی کو شکست دے دی

کراچی (پاک صحافت) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کا پشاور زلمی کے ساتھ مقابلہ ہوا، جس میں قلندرز نے زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔  یاد رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پشاور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پشاور نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، جس کے جواب میں  قلندرز نے 141 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں پورا کرلیا۔ پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن میچ کی پہلی ہی گیند پر امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے جب کہ کامران اکمل بھی 5 رن ہی بنا سکے۔

تفصیلات کے مطابق حیدر علی بھی اپنا کھاتا نہ کھول سکے جبکہ شعیب ملک اور شرفین ردرفورڈ نے 26، 26 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پشاور زلمی کے روی بپارا نے 50 رنز اسکور کیے جبکہ عماد بٹ 11 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا نے 2 اور ڈیوڈ ویسے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ خیال رہے کہ قلندرز نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سہیل اختر تھے جو کہ 29 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر  مجیب الرحمان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

واضح رہے کہ جلد ہی فخر زمان اور آغا سلمان بھی پویلین لوٹ گئے ، دونوں نے بالترتیب 15 اور 21 رنز بنائے۔ 89 کے مجموعی اسکور پر بین ڈنک کو وہاب ریاض نے کلین بولڈ کردیا، انہوں نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے، اس موقع پر حفیظ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے وکٹ پر موجود رہے۔ قلندرز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمت پٹیل تھے جو کہ 109 کے مجموعی اسکور پر  8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر راشد خان نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلوادی، محمد حفیظ 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان

وزیر اعظم پاکستان نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا

پاک صحافت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے قائم مقام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے