اسمارٹ فون کمپنیوں کی جانب سے مسلسل کوشش کی جارہی ہے کہ سیلفی کیمرے کو کسی طرح اسکرین سے ہٹا دیا جائے، جس کے لیے ڈسپلے کے اندر چھپانے سے لے کر یا فلپ بیک کیمرا کا استعمال کیا جاچکا ہے، مگر چینی اسمارٹ فون کمپنی اوپو نے اب تک کا سب سے منفرد طریقہ کار تلاش کرکے ممکنہ طور پر یہ مسئلہ حل کردیا ہے۔
یہ حل ہے کیمرا صارف کے ہاتھ میں دے دینا، جی ہاں ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوپو کی جانب سے اسمارٹ فونز کے لیے ایک ریمووایبل کیمرا موڈیول پیٹنٹ کرایا جارہا ہے۔
یعنی اگر آپ سیلفی لینا چاہتے ہیں یا سامنے کے منظر کی تصویر کھینچنا چاہتے ہیں، تو کیمرا موڈیول کو بیک سے باہر نکال کر ایسا کرلیں۔
اس حوالے سے پیٹنٹ ڈیزائن میں 2 کیمرے دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ یو ایس بی سی، این ایف سی، وای فائی اور بلیوٹوتھ کے آپشنز بھی نظر آرہے ہیں، اس کیمرا موڈیول کے لیے لیتھیم ایون بیٹری دی گئی ہے تاکہ صارف اپنی پسند کے مناظر جب مرضی کھینچ سکے۔
یہ واضح نہیں کہ ہر فون کے لیے یہ موڈیول مخصوص ہوگا یا کسی بھی فون کے کیمرے کو ڈیوائس بدلے بغیر اپ گریڈ کیا جاسکے گا۔
فی الحال تو یہ پیٹنٹ ہے اور کب تک اصل شکل اختیار کرسکے گا کچھ کہنا مشکل ہے، مگر اوپو کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کی آزمائش کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔
اسی نے حال ہی میں رول ایبل کانسیپٹ فون بھی متعارف کرایا تھا، جبکہ بیٹری چارجنگ ٹیکنالوجی پر بھی اس کی جانب سے بھرپور کام کیا جارہا ہے۔