بیجنگ (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں سٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ تعاون بڑھنے اور اسٹریٹیجک شراکت داری مزیدمضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملاقات “گریٹ ہال آف پیپلز” بیجنگ میں ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا دورہ ہے، وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سرکاری افسران کا وفد بھی وزیراعظم کے ساتھ ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر کی ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی، خصوصاً اقتصادی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے سربراہان نے سی پیک سمیت کثیر الجہتی تعاون بڑھانے اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔