اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے، دو دہائیوں کی نسبت آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 11 سے زائد ممالک کے آئی ٹی ماہرین کے وفود کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، ڈیجیٹل دنیا آج تمام شعبوں میں غیر معمولی اثر رکھتی ہے۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے، دو دہائیوں کی نسبت آج کی ڈیجیٹل دنیا یکسر تبدیل ہوچکی ہے، پنجاب میں آئی ٹی کے شعبہ میں بہت ترقی ہوئی ہے، ہونہار طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپس دیئے گئے، پورے پاکستان میں آئی ٹی پارکس بنا رہے ہیں، نوجوانوں کیلئے آئی ٹی کے شعبہ میں سکلز ٹریننگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی میں نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کا بڑا منصوبہ بنایا گیا ہے، زراعت، صنعت، برآمدات اور دیگر شعبوں میں آئی ٹی اور اے آئی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، یقین دلاتا ہوں آئی ٹی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔