پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری، ملک بھر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری، ملک بھر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور ہر گرزتے دن کے ساتھ کبھی اموات تو کبھی کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

اگرچہ حکام کی جانب سے دوسری لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزیاں نظر آرہی ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 6ہزار 810 ہے جس میں سے 3 لاکھ 46 ہزار 951 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 85 فیصد سے زائد ہے جبکہ 8 ہزار 205 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 499 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 39 افراد وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ ایک ہزار 586 مریض صحتیاب بھی ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 51 ہزار 654 تک جاپہنچی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گیا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی نظر آئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

آج 3 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ
صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 983 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار 625 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث سندھ میں مزید 6 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 968 تک پہنچ گئی۔

پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 727 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 83 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 25 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 91 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا
صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 218 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 47 ہزار 919 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 378 تک جا پہنچی۔

بلوچستان
صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 53 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 268 ہوگئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات 169 پر برقرار رہیں۔

اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 417 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 165 ہوگئی، دارالحکومت میں کورونا سے مزید 5 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 329 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر
کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 85 کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 67 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی فرد جان سے نہیں گیا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 173 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں وبا کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 683 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں کورونا وائرس سے کسی فرد کی موت نہیں ہوئی جس کے بعد اموات 97 پر برقرار ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1 ہزار 586 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 951 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں

علی امین گنڈاپور سلامتی و خارجی معاملات پر اپنا گنڈاسا استعمال نہیں کر سکتے، عرفان صدیقی

اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے