مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عوام سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 دسمبر صرف ایک جلسے کا نہیں فیصلے کا دن ہے، اور ہم ان جعلی حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ جبر کی رات کٹ چکی ہے، اب انشاءاللہ ایک آزاد صبح ہونے کو ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ جس مقام پر حق اور سچ پر کھڑے لوگوں نے مل کر قرارداد پاکستان منظور کی وہیں حق اور سچ پر کھڑے ہو کر آپ انشااللہ ایک تاریخ رقم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر صرف ایک جلسے کا نہیں فیصلے کا دن ہے، فیصلہ اپنے حق کے حصول کا یا پھر فیصلہ موجودہ بدترین حالات سے سمجھوتے کا، آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا’۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے عذاب کے خلاف، معیشت اور روزگار کی تباہی کے خلاف، آٹا اور چینی کی چوری کے خلاف، 90 روپے آٹے کے خلاف، 115 روپے چینی، مہنگی بجلی اور مہنگی گیس کے خلاف فیصلہ کرنا ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کے سودے کے خلاف، ہسپتالوں کے بیمار اور مفلوج نظام، مہنگی ادویات، جبر مسلسل اور جھوٹے مقدمات کے خلاف، طلبہ کے وظائف کی معطلی، آئین و پارلیمان کی پامالی، اظہار رائے پر پابندی اور ووٹ کی چوری کے خلاف فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک جس طرح پی ڈی ایم کے جلسوں میں حکومتی جبر، بربریت اور ہٹ دھرمی کو اپنے جذبے سے شکست دی وہ بے مثال ہے، گھروں سے نکلیے اپنی آواز اور بھرپور شمولیت سے اس فیصلے پر مہر ثبت کر دیں۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان جعلی حکمرانوں کو بتادیں کہ جبر کی رات کٹ چکی، اب انشاءاللہ ایک آزاد صبح ہونے کو ہے، ہمارا یہی سفر ہم سب کو نجات کی منزل تک لے کر جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں جلسہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں بھی انہوں نے آخری وقت تک اسٹیڈیم کو بلاک رکھا لیکن جلسہ ہوا، اسٹیڈیم میں جلسہ ہوتا تو شاید اتنا کامیاب جلسہ نہ ہوتا مگر ملتان کے لوگوں کو غصہ آیا اور وہ باہر آئے، بغیر لائٹ اور ساؤنڈ سسٹم کے بڑی کامیابی سے شرکت کی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہماری تحریک پرامن ہے اور ہم کہتے ہیں ہمارے راستے سے ہٹ جاؤ اور اگر اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کریں گے تو حکومت جلدی گھر جائے گی، مریم نواز کا کہنا تھا کہ رکاوٹوں کے باوجود 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں انشااللہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے جلسے کے بعد ملک بھر میں احتجاج، پہیہ جام، شٹر ڈاؤن اور لانگ مارچ سمیت استعفوں کا اعلان کردیا ہے جبکہ اسٹیرنگ کمیٹی شیڈول کا اعلان کرے گی۔
اسلام آباد میں 8 دسمبر میں اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی تھی ان کے اراکین اسمبلی 31 دسمبر تک اپنے قائدین کے پاس استعفے جمع کرائیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں تمام سربراہان نے اپنی اپنی پارٹیوں کا موقف پیش کیا، آج جعلی وزیر اعظم نے ایسے باتیں کیں جیسے وہ نشے میں بول رہے ہوں، وہ ڈائیلاگ نہیں بلکہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں جبکہ لاہور جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے بھی برا حشر کردیا جائے گا۔