اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ سابق جج ارشد ملک جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرگئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مریم نواز نے نواز شریف کو سزا سنانے والی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے انتقال پر ردعمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے پہلے پیغام میں ارشد ملک کے انتقال پر اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ پڑھی اور پھر کہا کہ وہ وہاں چلے گئے ہیں، جہاں ہم سب کو جانا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ اللّٰہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ارشد ملک ساتھ ہی یہ بھی بتاگئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کےلیے بلیک میل اور استعمال کیا تھا۔
ایک اور پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اللّٰہ ارشد ملک صاحب کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے ( آمین)انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے، جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار اور طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں۔
انہوں نے ایک اور پیغام میں استفسار کیا کہ ارشد ملک اپنے اعترافات اور انکشافات کے ڈیڑھ سال بعد فوت ہوئے ،اس دوران نواز شریف کو انصاف نہ ملنے کا ذمے دار کون ہے؟
مریم نواز نے مزید کہاکہ کیس میں نوازشریف کو اشتہاری دلانے کی جلدی تھی، اس کیس کی سزا سنانے والے جج کے اعتراف پر کوئی ایک دن بھی سماعت کیوں نہیں ہوئی؟
ن لیگی نائب صدر نے ایک اورپیغام میں سوال اٹھایا کہ 3 بار کے وزیراعظم کو مفرور قرار دے دیا گیا لیکن نواز شریف کے خلاف عدالتی سازش پر کوئی کمیشن کیوں نہیں بنا؟انہوں نے استفسار کیا کہ بہت کچھ بتانے کے لئے تیار شخص( ارشد ملک) کی موت کا انتظار کیوں کیا گیا؟
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہاکہ میرا سادہ سوال یہ ہے کہ انصاف کے قتل کی ذمہ داری کس پر ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ اس سازش کا انکشاف اور اعتراف کرنے والا کردار اب اس دنیا میں نہیں، اب یہ مطالبہ زور پکڑے گا کہ آزاد اور بہادر ججوں پر مشتمل کمیشن اس کی تحقیقات کرے تاکہ عوام حقائق جان سکیں، اور وہ دن دور نہیں انشاءاللّٰہ یہ ہو کر رہے گا!
احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک آج کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں،وہ گزشتہ 2ہفتوں سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
وہ سوگواران میں بیوی اور 4 بچے چھوڑ گئے ہیں، انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا تھا