اسلام آباد (پاک صحافت) قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی مسلح افواج کو مناسب کارروائی کے مکمل اختیارات دے دیے گئے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ختم ہوگیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیف شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کریں گے۔ اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتِ حال، بھارتی جارحیت اور پاکستان کے مؤثر جواب پر غور کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں موجودہ صورتِ حال سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بھارت کے حملوں اور پاکستانی جوابی کارروائی پر عسکری حکام نے بریفنگ دی۔ بھارت کے حملوں اور پاکستان کی جوابی کارروائی اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے بھارت کے حملوں کا فوری جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت کے 5 طیارے گرائے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو تباہ کردیا گیا۔