اسلام آباد (پاک صحافت) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کیلئے نمبرز پورے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنا تاکہ تمام ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں جب کہ ارکان اسمبلی کے غائب ہونے کا جعلی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ الحمداللہ! آئینی ترمیم کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ایک متفقہ مسودہ تیار ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ترمیم کی حمایت کریں، کوشش ہے کہ آج ہی آئینی ترامیم ہوجائیں، سیاسی جماعتوں کی تجاویز آئین اور قانون کے تحت آرہی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ کچھ لوگ اغوا ہوئے ہیں، بتایا جائے کوئی خاتون اغوا ہوئی ہیں یا پھر کوئی اور ہوا ہے، سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں، یہ جعلی بیانیہ بنانے والی پارٹی ہی اس قسم کے بیان یا کہانی بنارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو واقعہ ہوا، اس کا انجام کیا ہوا، وہ سارا جھوٹ آپ کے سامنے آگیا، یہ جب حکومت میں تھے اور اب جب حکومت سے باہر ہیں تو انہوں نے جعلی بیانیہ بنانے کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے۔