اسلام آباد (پاک صحافت) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے صحافیوں نے ملاقات کی جس میں انہوں نے بھی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے ملکر حکومت بنائی ہے، ان کی خواہش ہے کہ ہر مشکل وقت میں ساتھ ہوں، کسانوں کو ان کا حق ملنا چاہئے یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے، سیکرٹریٹ نہیں الگ صوبہ چاہتے ہیں، سیکرٹریٹ کے خلاف نہیں ہیں اور اس کو ختم نہیں ہونا چاہئے۔
یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ اگر آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کام ہوں گے تو تصادم نہیں ہو گا، میں بھی وکٹم ہوں لیکن نوکری پیشہ نہیں تھا، جیسے فیصلہ آیا تو میں نے عہدہ چھوڑ دیا اور اختیارات صدر کو دے دیئے تھے، آج بھی سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کا گڈ مارننگ کا میسج آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کا ماحول بہت اچھا ہے، احتجاجی مظاہرے ہوتے رہتے ہیں لیکن تشدد نہیں ہونا چاہئے، جب دھرنا چل رہا تھا تو ہم نے ان کو سہولتیں دیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ مذاکرات ہوں، جو بھی حکومت آتی ہے تو ٹکنے کوئی نہیں دیتا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج اگر بانی پی ٹی آئی کو حکومت دے دیں تو دو ماہ بعد پھر یہی صورتحال ہو جائے گی، حکومت کاشتکاروں کے مسائل حل کرے، حکومت سے عہدوں کے حوالے تحفظات تھے جس پر بات چلتی رہی۔