راولپنڈی (پاک صحافت) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ہمارا نواز شریف سے رشتہ اقتدار یا مفاد کا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کا ورکر اور لیڈر مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا، ہم مشکل حالات سے کبھی نہیں بھاگے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی کل بھی نواز شریف کا تھا آج بھی ن لیگی قائد کا ہے، ہمارا نواز شریف سے رشتہ اقتدار یا مفاد کا نہیں۔ راولپنڈی کی جو خدمت مسلم لیگ ن نے کی وہ کسی نے نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی نے عمر قید کی سزا قبول کی لیکن سر نہیں جھکایا۔ نواز شریف بے گناہ ہونے کے باوجود اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان آئے، ن لیگی قائد اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر آئے اور جیل جانے کو ترجیح دی۔