لاہور (پاک صحافت) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھے پہلے بھی بے بنیاد کیسز کا الزام لگاکر گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اب بھی گرفتاری سے ڈرنے والی نہیں اور نااہل حکومت کو گھر بھیج کر دم لوں گی۔ اس حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کروں گی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کی ذمہ داری سیاستدانوں کے بیانات جانچنا نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف اقدامات کرنا ہے لگتا ہے نیب کی ذمہ داریاں تبدیل کی گئی ہیں۔ نیب عمران خان اور ان کے وزراء و مشیروں کی کرپشن پکڑنے کے بجائے حکومت کی ترجمان بن چکی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی نیب کے پیچھے تو کبھی ہائی کورٹ کے پیچھے چھپنے کے بجائے مرد ہو تو سامنے آکر مقابلہ کرو۔ میں عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف آواز اٹھاتی رہوں گی۔ میں ایک سیاستدان ہوں اور سیاست سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ دو بارجیل کاٹ چکی ہوں، تم مریم نواز کو جیل بھیجنے اور ضمانت مسترد ہونے کی دھمکیوں سے ڈرا نہیں سکتے کیونکہ مریم نواز عمران خان کی طرح ڈرپوک نہیں ہے جو پولیس کے گھیرا ڈالنے پر دیوار پھلانگ کر بھاگ گئے۔ ن لیگ اور پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی اور کوئی بات نہیں کرے گی، اس حکومت کی آئینی اور نہ ہی قانونی حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گھر بھیجنے تک بیرون ملک نہیں جاؤں گی، حکومت کا مجھے باہربھیجنے کا خواب پورا نہیں ہوگا، جب تک عمران خان اور یہ حکومت اپنے گھر نہیں چلے جاتی تو میں ٹرے میں رکھ کر دئیے گئے ٹکٹ اور پیشکش قبول نہیں کروں گی۔