لاہور (پاک صحافت) وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کو سی پیک پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں پولیس، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران انسداد دہشتگردی اور غیرملکیوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ادارے ملکی اور غیرملکی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں، خاص طور پر سی پیک پر کام کرنے والے چینی باشندوں کو فل پروف سکیورٹی فراہم کی جائے، اس مقصد کے لیے تمام ادارے بالخصوص پولیس اور انٹیلی جنس بیورو مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے شہر کے 50 فیصد حصے کی نگرانی کی جارہی ہے جلد ہی پورے شہر کی نگرانی کو یقینی بنائیں گے۔