لاہور (پاک صحافت) عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ بزدار سرکار کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے اس وقت ڈینگی پورے پنجاب میں پھیل چکا ہے جبکہ بزدار صاحب سو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یاسمین راشد بہت قابل خاتون ہیں، میں ان کا بہت احترام کرتی ہوں مگر کورونا اور ڈینگی میں ان کی قابلیت نظر نہیں آئی، ان کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر رہی۔ آج یہ حال ہے کہ ملک بھر میں ان کی حکومت ہے مگر ان کو علم تک نہیں کہ لاروا کب بنتا ہے۔
رہنما ن لیگ عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت نے ڈینگی لاروا کیلئے کتنی ٹیمیں بنائیں، ڈینگی کے حوالے سے بزدار صاحب سو کر اٹھ گئے ہیں یا نہیں۔ اب تک انہوں نے کتنی میٹنگز کیں، ان کو علم نہیں تھا کہ ڈینگی ہر سال آتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ سے کتنی رپورٹ لیں، ڈینگی سپرے کس کس شہر میں ہوا، پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے کون کون سی سہولیات فراہم کیں۔